کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتاپارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس )پر نفرت پھیلانے اور نفرت کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ وہ ملک کو بانٹنے کا کام کررہے ہیں ۔
مسٹر گاندھی نے جرمنی کی راجدھانی برلن میں جمعرات دیرشب کانگریس کے غیر مقیم ہندستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انکی پارٹی سبھی کے لئے یکساں طورپر کام کرنے پر یقین رکھتی ہے جبکہ مودی حکومت الگ طرح سے کام کرہی ہے ۔انھوں نے کہا،’’آج ہمارا مقابلہ چین کے ساتھ ہے لیکن بی جےپی اور آرایس ایس ہمیں بانٹ رہے ہیں اور نفرت پھیلارہے ہیں ۔‘‘انھوں نے کہاکہ کانگریس ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے
مسلسل کام کرتی رہے گی ۔
کانگریس صدر نے کہاکہ ،’’کثرت میں وحدت ہندستان کی طاقت ہے اور سماج کی آخری قطار میں کھڑے فرد کوبااختیار بنا نا ہمارا کام ہے ۔یہ سبھی مذاہب کا اصول ہے اور کانگریس اسی مقصدسے سبھی کے مفاد کے لئے کام رہی ہے ۔‘‘ مسٹر گاندھی نے بے روزگاری کے تعلق سے مودی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہاکہ چین کی حکومت روزانہ 50ہزار نوجوانوں کو روزگار دے رہی ہے جبکہ ہندستان کی حکومت روزآنہ محض چار سو نوجوانوں کو روزگار فراہم کرہی ہے ۔
انھوں نے کہاکہ ایک طرف نوجوانوں کے سامنے روزگار کا بحران ہے اور دوسری طرف مودی حکومت نفرت پھیلانے کا کام کرہی ہے ۔